Wednesday 1 October 2014

Hikmat | Wasif Ali Wasif

  •  جھوٹے معاشرے میں عزت کے نام سے مشہور ہونے والا آدمی دراصل ذلت میں ہے۔
  • لوگوں سے الگ رہ کر سوچو گے تو لوگوں سے الگ سوچ مل جائے گی۔
  • اپنے پر غرور بھی نہ کرو اور اپنی تحقیر بھی نہ کرو۔
  • دشمن گھر میں آجائے یا دوست گھر سے چلا جائے، دونوں حالتوں میں مصیبت ہے۔
  • جوانی سولہ سال کی عمر کا نام نہیں، ایک انداز فکر کا نام ہے، ایک انداز زندگی کا نام ہے، ایک کیفیت کا نام ہے ۔ یہ ہو سکتا ہے کہ ایک شخص سولہ سال میں بوڑھا ہو اور ایک شخص ساٹھ سال میں جوان ہو۔
  • کسی تنگ دل کا مال نہ کھاؤ، اس کے ہاں کھانا بھی نہ کھاؤ، تنگ دل انسان سے بچ کے رہو تو سکون مل جائے گا۔ سخی دل انسان سے ملا کرو،سخی دل سے اگر تم کچھ لے بھی لو گے تو وہ تمہارے لیے دعا کرے گا۔
  • جب تک کوئی آپ سے نہ پوچھے مبلغ نہ بنو۔
  •  عبادت سے مکمل تزکیہ نفس نہیں ہوتا بلکہ عبادت سے خطرہ نفس ٹل جاتا ہے۔
  • عبادت نجات تک پہنچاتی ہے اور عشق نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) تک پہنچاتا ہے۔
  • تصورِ شیح کا مطلب یہ ہے کہ آپ جو بھی کام کر رہے ہیں اگر شیخ موجود ہوتا تو وہ اس کام کو کیسا کرنا پسند کرتا۔ یعنی ایسی کیفیت ہے کہ آپ جو بھی کام کر رہے ہیں، شیخ کی عدم موجودگی میں بھی اس کی مرضی کے مطابق ہو۔
  • جب موت سے پہلے موت کا مقام سمجھ آ جائے تو موت کے بعد ملنے والے انعام موت سے پہلے ملنا شروع ہو جاتے ہیں۔
  • پسندیدہ چیز سے جدائی موت ہے۔ جن کی پسندیدہ چیزیں موت سے پرے ہیں ان کو مرنا آسان ہے۔ جن کی پسندیدہ چیزیں یہاں رہ جائیں گی ان کے لئے موت مشکل ہے۔
  • اللہ کا جلوہ اگر طور کے درخت سے بول سکتا ہے تو کیسے ممکن ہے کہ انسان سے نہ بول سکے۔
  • وجود گھوڑا ہے اور روح اس کی سوار۔ گھوڑا لاغر نہیں ہونا چاہیے کہ روح بے چاری پریشان ہو جائے اور گھوڑا خود سر نہ ہو کہ روح کو گرا کر چلا جائے۔
  • غم چھوٹے آدمی کو توڑ دیتا ہے ۔ اگر غم میں غم دینے والے کا خیال رہے تو پھر انسان بہت بلند ہوجاتا ہے۔
  • دنیا کے اندر سب سے بڑا انصاف یہ ہے کہ یہ دنیا گناہ کے متلاشی کے لئے گناہ دیتی ہے اور فضل کے متلاشی کو فضل دیتی ہے۔
  • دو راستوں میں سے ایک چننا پڑتا ہے دعا کرو کہ ایک ہی راستے کا سفر ملے۔
  • جس کو صداقت اور نیکی کا سفر کرنے کی خواہش ہے وہ جان لے کہ یہ منظوری کا اعلان ہے ۔ جس کو منظور نہیں کیا جاتا اس کو یہ شوق ہی نہیں ملتا۔
  • اولاد کو زمانہ جدید کے مطابق تعلیم دو تاکہ رزق کما سکیں اور دین کی تعلیم دو تاکہ وہ برباد نہ ہو جائیں۔
  • مغربی تہذیب اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئی ہے ان کی کوئی لذت ایسی نہیں رہ گئی جو گناہ نہ ہو۔
  • ہر آدمی اپنے سے زیادہ دانا کے سامنے بے وقوف ہے اور آپ کو آپ سے بڑا دانا ہمیشہ ملے گا۔
  • دانائی دانا کی تابعداری ہے۔
  • جھوٹا آدمی اگر سچ بھی بولے تو وہ سچ بے اثر ہو جائے گا۔
  • نااہل کو اہلیت کا مقام مل جائے تو اس کی جاب بھی خطرے میں ہوگی اور ایمان بھی۔

 
- واصف علی واصف  (کتاب:  بات سے بات)

No comments:

Post a Comment